LIVE

عمران خان کو شہباز گل کے بیان پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے: شرجیل میمن

ویب ڈیسک
August 11, 2022
 

عمران خان کو یہ بھی یقین دلانا چاہیے کہ وہ قومی اداروں کے خلاف اب کبھی ٹرینڈ نہیں چلوائیں گے: وزیر اطلاعات سندھ/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا  ہے کہ شہباز گل کے بیان پر  عمران خان کو خود قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ 

ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو یہ بھی یقین دلانا چاہیے کہ وہ قومی اداروں کے خلاف اب کبھی ٹرینڈ نہیں چلوائیں گے،  ایسا نہ ہوا تو قوم عمران خان کو معاف نہیں کرے گی۔

دوسری جانب ترجمان پی ڈی یم حافظ حمداللہ نے  چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے  کہا ہے کہ عمران نیازی فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ کیس میں نااہل ہو گئے تو یہ آپ کے اپنے کرتوتوں کا نتیجہ ہو گا، جرم عام آدمی کرے یا لیڈر،  وہ قانون سے مستثنیٰ نہیں ہوسکتا۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے فوج کی تباہی کی بات کی، نیوٹرل کو جانور اور میر جعفر کہا، ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا اور ٹرینڈ چلائے، عمران نیازی ملک میں جہاد کے نام پر فساد پھیلارہے ہیں۔