LIVE

فرانس کے جنگلات میں پھر آتشزدگی، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

ویب ڈیسک
August 11, 2022
 

فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں موجود جنگلات میں بدھ کے روز آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا: فوٹو امریکی میڈیا

پیرس: فرانس کے جنگلات میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی جس نے ہزارں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں موجود جنگلات  میں بدھ کے روز آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگلات میں آتشزدگی کے بعد حکومت نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردی ہیں جب کہ اس سلسلے میں فائر فائٹرز کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

فرانس میں جون سے اب تک خشک سالی اور گرمی کی لہر نے ملک کو شدید متاثر کیا ہے جب کہ دو بار جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کی حکومت کے پاس 2 لاکھ 50 ہزار فائر فائٹرز ہیں اور  ان میں سے 79 فیصد رضاکار ہیں جب کہ اس وقت جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے 10 ہزار کے قریب فائر فائٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔

جنگلات میں آتشزدگی کے باعث قریبی آبادیوں کے 10 ہزار رہائشی اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے جب کہ جنگلات سے گزرنے والی ہائی وے کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ آگ سے اب تک 16گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔