LIVE

افغانستان میں بارشوں سے تباہی، درجنوں افراد ہلاک، شہریوں کی ریلے میں بہنے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
August 15, 2022
 

افغانستان میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور  مختلف حادثات میں 50 کے قریب افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق پروان میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 32 ہو گئی ہے جبکہ لوگر کے علاقے پلِ عالم میں بھی 10 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف حادثات میں 150 سے زائد افراد زخمی اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سیلابی پانی میں بہہ گئی ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کے مویشی بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ سینکڑوں کچے مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں۔

افغانستان میں حالیہ بارشوں کے باعث مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور کئی رابطہ سڑکیں بھی سیلابی پانی کی نذر ہو گئی ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔