LIVE

جرمنی میں صنعتوں کو مختلف مہارتیں رکھنے والے محنت کشوں کی کمی کا سامنا

ویب ڈیسک
August 16, 2022
 

صنعتوں کو مکینکس کے تربیت یافتہ انجنیئرز ، آئی ٹی اسپیشلسٹس اور نچلے درجے کی مہارتیں رکھنے والے محنت کشوں کی کمی کا بھی سامنا ہے: آئیفو رپورٹ — فوٹو: فائل

جرمنی میں مشینیں اور  اوزار  بنانے والی صنعتوں کو مختلف شعبوں میں مہارتیں رکھنے والے ماہر محنت کشوں  (Skilled Workers) کی کمی کا سامنا ہے۔

جرمنی کی معاشی تحقیقاتی ادارے آئیفو (Ifo) کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرمنی کی مشین اور اوزار ساز صنعتوں کو  مٹیریل اور  درمیانی اشیاء کے بعد ماہر محنت کشوں کی سخت کمی کا سامنا ہے جس کے باعث صنعتوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔

آئیفو کی جانب سے کیے گئے سروے میں 4 ہزار کمپنیوں کا کہنا تھا کہ انہیں مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے محنت کشوں کی کمی کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صنعتوں کو مکینکس کے تربیت یافتہ انجنیئرز ، آئی ٹی اسپیشلسٹس  اور نچلے درجے کی مہارتیں رکھنے والے محنت کشوں کی کمی کا سامنا ہے۔

جولائی میں آئیفو کی جانب سے کئے گئے اس سروے میں اپریل کے 38.7 کے مقابلے میں 43 فیصد مینوفیکچرر صنعتوں نے مختلف شعبوں میں مہارتیں رکھنے والے محنت کشوں کی کمی کا اظہار کیا۔

آئیفو ماہرین کے مطابق مشینری اور اوزار بنانے والی صنعتوں کو کرونا وائرس کی وبا کے دوران کی گئی برطرفیوں کے بعد اب مختلف شعبوں میں مہارتیں رکھنے والے محنت کشوں کی کمی کا سامنا ہے، اب یہ صنعتیں شدت سے مناسب مہارتیں رکھنے والے اسٹاف کی تلاش کر رہی ہیں۔