LIVE

18 سال بعد فیس بک نے صارفین کی بڑی مشکل کا حل پیش کردیا

ویب ڈیسک
August 26, 2022
 

میٹا کی جانب سے پہلی بار ایسا کیا گیا ہے / رائٹرز فوٹو

میٹا کی جانب سے فیس بک یا انسٹاگرام کے ایسے صارفین کے لیے سپورٹ فراہم کرنے کا عمل آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے جن کے اکاؤنٹس یا پوسٹس کو ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق میٹا کے نائب صدر برینٹ ہیرس نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے کسٹمر سروس سپورٹ پر کافی کام کیا جارہا ہے۔

درحقیقت فیس بک کے قیام کے 18 سال بعد میٹا نے کسٹمر سروس ڈویژن کو تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ کسٹمر سروس ڈویژن کیا کام کرے گا۔

2021 میں کمپنی نے لائیو چیٹ سپورٹ پروگرام کی آزمائش شروع کی تھی اور کچھ صارفین ضرورت پڑنے پر میٹا سے تعلق رکھنے والے کسی عہدیدار سے بات کرسکتے تھے۔

اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ یہ پہلی بار ہے جب فیس بک میں لاک اکاؤنٹس پر صارفین کو رئیل ٹائم میں مدد فراہم کی جارہی ہے۔

فیس بک نے کسٹمر سروس ڈویژن کے حوالے سے ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے کسٹمر سپورٹ کو بہتر کرنے کا سلسلہ اس کے اوور سائیٹ بورڈ کے فیڈ بیک کا نتیجہ ہے۔

فیس بک کے اس خودمختار ادارے کو میٹا کے فیصلوں کی مانیٹرنگ اور بدلنے کے لیے قائم کیا گیا تھا اور اب تک اسے 10 لاکھ کے قریب افراد کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔