LIVE

شوکت ترین نے محسن لغاری اور تیمور جھگڑا سے بات کی تو اس میں کیا غلط ہے؟ اسد عمر

ویب ڈیسک
August 29, 2022
 

شوکت ترین کی آڈیو میں کٹ پیسٹ کی گئی ہے یہ کام پہلے بھی یہ کرتے رہے ہیں: اسد عمر کا ردعمل/فوٹوفائل

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے  شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے ٹیلی فونک بات چیت منظر عام   آنے  پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس  کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اگر شوکت ترین نے محسن لغاری اور تیمور جھگڑا سے بات کی ہے تو کون سی غلط بات ہے، شوکت ترین نے پنجاب اور کے پی کے وزیرخزانہ کو کہا کہ وفاق کو کہو کہ ہمارے پاس سیلاب آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے دونوں وزرائے خزانہ کو کہا کہ وفاق کو کہیں کہ ہمارے پاس سرپلس نہیں، شوکت ترین کی آڈیو میں کٹ پیسٹ کی گئی ہے، یہ کام پہلے بھی یہ کرتے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تیمور جھگڑا نے وفاقی حکومت کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ کچھ اقدامات ہیں جو وفاق کو کرنے پڑیں گے، خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ کو دو مہینے ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا، اب جب خط لکھا تو کیسے ملاقات کا وقت نکل آیا۔ 

اسد عمر نے مزید کہا کہ آپ پہلے بھی سیاست کررہے تھے، پچھلے دو دن سے بھی سیاست کررہے ہیں، حقیقت ابھی تک صرف ایک خط ہے باقی سب صرف رولا ہے  جو بھی بات چیت ہوئی اس کا آخری نتیجہ خط ہے۔