LIVE

آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کو قرض کے اجرا کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک
August 29, 2022
 

ایم ایف بورڈ نے پاکستان کو تقریباً ایک ارب 17 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی، قرض کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی: ذرائع— فوٹو: فائل

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں  پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی گئی۔

آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کو تقریباً ایک ارب 17 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی اور قرض کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے قرض کی منظوری کی تصدیق کی اور کہا کہ الحمداللہ آئی ایم ایف بورڈ نے توسیع فنڈ سہولت کی منظوری دے دی۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط مل رہی ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کا متعدد مشکل فیصلے لینے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں،  وزیراعظم کا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔