LIVE

خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کا کیس، التوا مانگنے پر عمران خان پر جرمانہ

اویس یوسفزئی
September 10, 2022
 

عدالت نے خواجہ آصف کے وکیل کی عمران خان کے بیان پر جرح مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ فوٹو فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کے کیس میں التوا مانگنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت میں عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کے وکلا کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ جلسوں میں مصروفیات کے باعث عمران خان پیش نہیں ہو سکتے۔

ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے عمران خان کے وکلا کی جانب سے التوا مانگنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

عدالت نے خواجہ آصف کے وکیل علی شاہ گیلانی ایڈووکیٹ کی عمران خان کے بیان پر جرح مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔