LIVE

اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے روبوٹ کو لطائف پر ہنسنے کی تربیت

ویب ڈیسک
September 15, 2022
 

ایریکا روبوٹ / اے ایف پی فوٹو

جاپانی سائنسدانوں نے ایک روبوٹ کو لطائف پر ہنسنے کی تربیت دی ہے۔

اس تربیت کا مقصد یہ ہے کہ روبوٹ کو انسانوں جیسا بنایا جاسکے۔

کیوٹو یونیورسٹی کے ماہرین نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے روبوٹس کو ہنسنے کی تربیت فراہم کی۔

ایریکا نامی روبوٹ کے ساتھ انہوں نے کام کیا تاکہ اس کی بات چیت زیادہ قدرتی محسوس ہوسکے۔

جرنل فرنٹیئرز ان روبوٹیکس اینڈ اے آئی میں اس تحقیق کے نتائج شائع ہوئے۔

سائنسدانوں نے بتایا کہ ہمارے خیال میں اے آئی کا ایک اہم پہلو لوگوں سے ہمدردی کا احساس بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت ایک اہم ماڈل ہے اور اسی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا کہ ہنسی کے ذریعے ایک روبوٹ دیگر افراد کے ساتھ اپنی ہمدردی ظاہر کرسکتا ہے۔

اس ماڈل کو تیار کرنے کے لیے سائنسدانوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا تاکہ روبوٹ کو ہنسی شناخت کرنے میں مدد مل سکے۔

روبوٹ اور لوگوں کے درمیان 3 منٹ کی بات چیت میں اس سسٹم کو ٹیسٹ کیا گیا اور نتائج حوصلہ افزا رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔