LIVE

حماد اظہر سے کنٹینر پر بحث کا معاملہ، اسد عمر نے وضاحت کر دی

ویب ڈیسک
October 29, 2022
 

لانگ مارچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی کنٹینر پر بحث کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں اسد عمر اور حماد اظہر کو بحث کرتے دیکھا جا سکتا ہے، سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان مارچ میں شرکا کی تعداد پر بحث ہوئی۔

مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا پیچ پر بھی اسد عمر اور حماد اظہر کے درمیان بحث کی ویڈیو شیئر کی گئی اور ساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ ناکام ہونے والوں کا کوئی دوست نہیں ہوتا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کسی نے تبصرہ کیا اسد عمر مقامی رہنماؤں پر ناراض ہیں کہ شرکا کی تعداد کم کیوں ہے لیکن ویڈیو کلپ میں کسی قسم کی آواز سنائی نہیں دے رہی۔

اسد عمر کا کہنا تھا معاملہ مارچ میں شامل جنریٹر کی خرابی کے باعث پیش آیا، دوسرا جنریٹر مارچ میں شریک گاڑیوں میں پھنسا ہوا تھا، جنریٹر کو کنٹینر تک پہنچانے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا ہم لاہوریوں کا جوش اور جذبہ دیکھ کر بہت خوش تھے۔