LIVE

بیٹی عمران خان کے انٹرویو والے دن بھی گرتے گرتے بچی تھی: والد صدف

ویب ڈیسک
October 31, 2022
 

صدف کی والدہ اور بچوں کی حالت ناقابل بیان ہے: والد صدف نعیم/فوٹوفائل

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے والد کا بھی بیان سامنے آگیا۔

نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدف نعیم کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی بہت محنتی تھی اور انٹرویو کے لیے ہر جگہ پہنچ جایا کرتی تھی۔

جاں بحق رپورٹر کے والد نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ صدف بیٹوں کی طرح سہارا بنی، انتقال کے بعد صدف کی والدہ اور بچوں کی حالت ناقابل بیان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدف نعیم کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی جی سی یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں،  وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے کوشاں رہتی تھی۔

صدف نعیم کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی نے پرسوں عمران خان کا انٹرویو کیا تھا وہ اس روز بھی گرتے گرتے بچی تھی جس پر میں نے اسے کہا تھا کہ بیٹا احتیاط کیا کرو لیکن صدف نے مجھے کہا کہ پاپا کچھ نہیں ہوتا۔