LIVE

پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں رد و بدل کا امکان

سہیل عمران
November 15, 2022
 

شیڈول کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچنا ہے— فوٹو: فائل

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  سیاسی جماعت کے لانگ مارچ اور احتجاجی مظاہروں کے باعث شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے، شیڈول میں تبدیلی کیلئے دوسرے آپشن پر غور کیا جانے لگا ہے۔

خیال رہے کہ شیڈول کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچنا ہے، تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں شیڈول ہے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جانا ہے۔

تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انگلینڈ سیریز کراچی سے شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ملتان اور تیسرا بھی کراچی میں کھیلے جانے کے آپشن پر غور ہو رہا ہے۔

دوسری جانب ذرائع پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ شیڈول میں تبدیلی کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، پلان بی کا آپشن زیر غور ضرور ہے،  تمام اسٹیک ہولڈرز مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے حکومتی ایڈوائس بھی لی جائے گی، حکومتی اتھارٹیز کی منظوری کے بعد شیڈول کی تبدیلی کا اعلان کیا جائے گا ، جمعرات یا جمعے تک شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے اعلان متوقع ہے۔