LIVE

تیار ہیں، عمران خان آج عوام کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دیں گے: فواد چوہدری

ویب ڈیسک
November 19, 2022
 

 حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ روات کے مقام سے راولپنڈی شہر داخل ہونے کے لیے پہنچے گا: رہنما تحریک انصاف. فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان آج عوام کو  راولپنڈی پہنچنے کی کال دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کا لاہور سے شروع ہونے والا لانگ مارچ گزشتہ روز جہلم پہنچا تھا اور  گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے وکیل سے کہا تھا کہ اسلام آباد میں جلسے اور دھرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو نئی درخواست دی جائے۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران نے گزشتہ روز روات کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو بغیر اجازت پنڈی میں داخل ہونے سے روکنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اب اس حوالے سے فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ روات کے مقام سے راولپنڈی شہر داخل ہونے کے لیے پہنچے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے اس شاندار مہم کی نگرانی کی، آج دونوں قافلے روات کے مقام پر ملیں گے۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ آخری مرحلہ آ گیا ہے تیار رہیں، عمران خان آج عوام کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دیں گے۔