LIVE

استعفوں کا معاملہ، ترجمان کے پی حکومت کا ناراض ارکان کو سامنے آکر مخالفت کرنے کا چیلنج

ویب ڈیسک
November 28, 2022
 

 کسی کا پارٹی مؤقف کے ساتھ اتفاق نہیں ہے تو سامنے آئے دیکھیں گے، بیشتر اراکین اسمبلی پارٹی کےفیصلے پرعمل کریں گے: بیرسٹر سیف— فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے استعفوں کے معاملے پر ناراض ارکان کو سامنے آکر مخالفت کرنے کا چیلنج دے دیا۔

بیرسٹر سیف نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں کچھ ارکان کی پارٹی سے ناراضی سے انکار کیا تاہم ناراض ارکان کو سامنے آنے کا چیلنج دے دیا۔

صحافی کے سوال کے جواب میں کہاکہ کسی کا پارٹی مؤقف کے ساتھ اتفاق نہیں ہے تو سامنے آئے دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر اراکین اسمبلی پارٹی کےفیصلے پرعمل کریں گے، جو بھی فیصلہ ہوگا، سامنے آجائے گا، اس پر عمل کریں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد لاہور زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے، پارلیمانی پارٹی کی مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔