LIVE

بھارت: ڈاکوؤں نے سونے کی بالیاں حاصل کرنے کیلئے خاتون کا کان ہی کاٹ ڈالا

ویب ڈیسک
November 30, 2022
 

خاتون کی مزاحمت کے باعث جب ڈاکو سونے کی بالیاں حاصل کرنے میں ناکام رہے تو انہوں نے تیز دھار آلے سے خاتون کا کان کاٹ ڈالا اور بالیاں لیکر فرار ہو گئے: میڈیا۔ فوٹو فائل

بھارت کے شہر لکھنؤ میں ڈاکوؤں نے سونے کی بالیاں حاصل کرنے کے لیے خاتون کا کان ہی کاٹ ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں نرملا سنگھ نامی خاتون گھر کا سودا لینے باہر گئی تو اسکوٹی پر دو ڈاکوؤں نے اس کی سونے کی بالیاں چھیننے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی اور جب ڈاکو سونے کی بالیاں حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے تو انہوں نے تیز دھار آلے سے خاتون کا کان کاٹ ڈالا اور بالیاں لیکر فرار ہو گئے۔

خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔