LIVE

’اہلکاروں نے لہو کا نذرانہ دیکر دہشتگردوں کو روکا، پوری قوم بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے‘

ویب ڈیسک
December 23, 2022
 

وزیراعظم شہبا زشریف نے خودکش دھماکے میں شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دھماکے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دیکر دہشتگردوں کو روکا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین فور میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی اور شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے شہید اہلکار عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دیکر دہشتگردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا پوری قوم مل کر دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے بےگناہوں کا خون بہانےکا منصوبہ ناکام ہو گیا، عوام دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین فور میں پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو تلاشی کے لیے روکا تو خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں دونوں خودکش بمبار ہلاک ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کیا۔