LIVE

حیدرآباد: 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل

حامد شیخ
January 14, 2023
 

حیدرآباد میں دہشگردی اور بم دھماکے کے حوالے سے تھریٹ کی اطلاعات ہیں تاہم یہ جنرل تھریٹ ہیں: ایس ایس پی حیدرآباد

حیدرآباد میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ حیدرآباد میں 15 جنوری کو پرامن پولنگ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کیلئے حیدرآباد کو چار زون میں تشکیل دیا گیا ہے اور ہر زون کا انچارج ایس ایس پی ہوگا۔

ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق  حیدرآباد کے 9 ٹاؤن میں 732 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے جن میں 232 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس اور 500 کو حساس قرار دیا گیا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے بھی لگائے جائیں گے جب کہ انتہائی حساس اسٹیشن پر 8 اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر4 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

ایس ایس پی حیدرآباد کا کہنا تھا کہ شہر میں دہشگردی اوربم دھماکے کے حوالے سے تھریٹ کی اطلاعات ہیں تاہم یہ جنرل تھریٹ ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں پرامن ماحول میں پولنگ کے لیے بہتر انتظامات کیے ہیں تاہم پرامن انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔