پاکستان تحریک انصاف نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے پر حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس آج زمان پارک میں طلب کر لیا ہے، عمران خان رہنماؤں سے موجوہ صورتحال پر جوابی حکمت عملی کے لیے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں دیگر پارٹی رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں پر ردعمل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حکومت کی جانب سےالیکشن میں تاخیر کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔