LIVE

نویں جائزے کیلئے آئی ایم ایف وفد 31 جنوری کو پاکستان آکر 9 فروری تک قیام کرے گا

اشرف ملخم
January 26, 2023
 

وفد پاکستان کی مالی پوزیشن بہتر بنانے پر بات کرے گا، سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بھی بات ہو گی: نمائندہ آئی ایم ایف ایسٹر پیریز— فوٹو: فائل

ڈالر ریٹ پر سرکاری کنٹرول ہٹانے کی دیر تھی کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنا وفد پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر  پیریز نے کہا ہے کہ وفد 31 جنوری کو  پاکستان آئے گا، 9 فروری تک پاکستان میں ہی رہے گا۔

ایسٹر  پیریز  نے کہا ہے کہ وفد پاکستان کی مالی پوزیشن بہتر بنانے پر بات کرے گا، سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بھی بات ہو گی، انرجی سیکٹر میں گردشی قرضے کم کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرنسی مارکیٹ میں ایکسچینج ریٹ کے ذریعے کرنسی کی کمی دور کرنے پر بھی بات کی جائے گی۔

نویں جائزے کیلئے آئی ایم ایف کا وفد 31 جنوری کو پاکستان آکر 9 فروری تک یہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 255 روپے کو چھو گیا ہے۔ آج انٹر بینک میں ڈالر 24 روپے 54  پیسے مہنگا ہوکر 255 روپے 43 پیسے کا ہوگيا۔  اوپن مارکیٹ میں ڈالر 19 روپے مہنگا ہوکر 262 روپے میں ملنے لگا ہے۔