LIVE

ق لیگ کے لیگل ایڈوائزر کو ایف آئی اے نے اغوا کر لیا: پرویز الٰہی کا الزام

ویب ڈیسک
February 02, 2023
 

عامر سعید راں کو حراست میں لیے جانے کا علم نہیں، ہم نے عامر سعید راں کو گرفتار نہیں کیا: ایف آئی اے۔ فوٹو فائل

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی کے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں کو ایف آئی اے نے اغوا کر لیا۔

پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا کہ عامر سعید راں کو میری رہائشگاہ سے گھر واپس جاتے ہوئے اغوا کیا گیا، گاڑیوں سے پتا چلا کہ ایف آئی اے کے ساتھ کچھ لوگوں نے اغوا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت اور ان کے حواری ایسے ہتھکنڈوں سے باز رہیں، پتا نہیں یہ نگران حکومت کس ایجنڈے پر آئی ہے، ہمارے قریبی ساتھیوں کو ٹارگٹ کر کے اٹھایا جا رہا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نگران حکومت امن و امان کو کنٹرول نہیں کر سکتی تو بہتر ہے گھر جائے۔

دوسری جانب ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ عامر سعید راں کو حراست میں لیے جانے کا علم نہیں، ہم نے عامر سعید راں کو گرفتار نہیں کیا۔