LIVE

سستے پیزا کیلئے ٹک ٹاکر لندن سے فلائٹ لے کر اٹلی پہنچ گیا

ویب ڈیسک
February 02, 2023
 

کیلم ریان نے معروف پیزا ریسٹورینٹ پر میڈیم پیزا کی قیمت دیکھی اور پھر فیصلہ کیا کہ وہ اٹلی جاکر اس سے کم قیمت کا پیزا کھائے گا/ فوٹو سوشل میڈیا

برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ٹک ٹاکر کیلم ریان سستا پیزا خریدنے کے لیے لندن سے فلائٹ لے کر اٹلی کے شہر میلان پہنچ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کیلم ریان نے معروف پیزا ریسٹورینٹ پر میڈیم پیزا کی قیمت دیکھی اور پھر فیصلہ کیا کہ وہ اٹلی جاکر اس سے کم قیمت کا پیزا کھائے گا جو کہ اس کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑے گا۔

ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کردہ ویڈیو میں کیلم نے بتایا کہ اس نے جب لندن میں اس ریسٹورینٹ پر پیزا کی قیمت دیکھی تو خود کو چیلنج کیا جس کے تحت اس نے ملان کی فلائٹ بک کی۔

ٹک ٹاکر کے مطابق اس کا کل ملا کر بجٹ 19 پاؤنڈ تھا جب کہ لندن کے ریسٹورینٹ میں میڈیم پیزا کی قیمت ہی 19 پاؤنڈ تھی۔

کیلم نے بتایا کہ 'خوش قسمتی سے مجھے آخری لمحات میں میلان کی فلائٹ ملی جس کے لیے میں نے 8 پاؤنڈ ادا کیے، رات کے کھانے کے وقت میں میلان پہنچا اور وہاں ایک ریسٹورینٹ میں چلا گیا جہاں میں نے کھانے کے 11 یورو ادا کیے'۔

ٹک ٹاکر نے ویڈیو میں بتایا کہ جب 11 یورو کو پاؤنڈ میں تبدیل کیا تو ان کی قیمت 9.72 پاؤنڈ بنی لہٰذا مجموعی طور پر فلائٹ اور پیزا کو ملا کر کیلم نے 17.72 پاؤنڈ خرچہ کیا۔

کیلم نے 20 پاؤنڈ سے بھی کم خرچہ کرکے لندن سے اٹلی جاکر پیزا کھایا جب کہ لندن میں ہی معروف ریسٹورینٹ کا پیزا تقریباً 20 پاؤنڈز کا تھا۔

ٹک ٹاکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے جہاں صارفین حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کیلم کے دماغ کی بھی داد دے رہے ہیں۔