LIVE

ویڈیو: کراچی میں خاتون کی ڈی ایس پی ٹریفک سے بدتمیزی

دانیال عزیز
February 02, 2023
 

کراچی کی پی آئی ڈی سی ٹریفک سیکشن پر خاتون کی ڈی ایس پی ٹریفک سے بدتمیزی کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

ویڈیو میں خاتون کو مسلسل ڈی ایس پی ٹریفک سے بدتمیزی اور ہاتھ اٹھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق خاتون کی کار کو فینسی نمبر پلیٹ اور ٹنٹڈ گلاسز کی وجہ سےروکا گیا تھا، خاتون نے ٹریفک پولیس سے تعاون کے بجائے بدتمیزی شروع کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت انعم کے نام سےہوئی ہے ،خاتون کے خلاف سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ ڈی ایس پی ٹریفک سیکشن پی آئی ڈی سی اشتیاق آرائیں کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، غفلت اور لاپرواہی اور گالم گلوچ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمےمیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل ہیں۔

مقدمے میں خاتون انعم اور اس کا بھائی اسد نامزد ہیں ۔ مدعی مقدمہ کے مطابق صبح نو بجے کے قریب وی وی آئی پی موومنٹ کیلئے ڈیوٹی پر موجود تھا، سگنل توڑنے اور لاپروائی برتنے پر ایک گاڑی کو روکا ، گاڑی سے ایک خاتون اتریں اور تلخ کلامی شروع کردی ، خاتون نے گالم گلوچ کی اور تھپڑ مارے ۔

مدعی مقدمہ کے مطابق خاتون اور اس کے بھائی دونوں نے دھمکیاں بھی دیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ خاتون اوران کے بھائی نے ڈی ایس پی سےمعافی مانگی ہے، ڈی ایس پی نےخاتون کو ذاتی طور پر معاف کردیاہے لیکن وردی میں موجود افسر سے تلخ کلامی اورہاتھا پائی پر قانونی کارروائی ہوگی۔