LIVE

ترکیہ نے ٹوئٹر کی خریداری پر ایلون مسک پر جرمانہ عائد کر دیا

ویب ڈیسک
March 06, 2023
 

ترک مسابقتی کمیشن کی جانب سے ایک بیان میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو

ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالرز کے عوض ٹوئٹر کو خریدنے کے عمل کی اجازت طلب نہ کرنے پر ترکیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ترکیہ کے مسابقتی کمیشن کی جانب سے ٹوئٹر پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

مسابقتی کمیشن کی جانب سے ٹوئٹر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی 2022 کی مجموعی آمدنی کا 0.1 فیصد حصہ جرمانے کے طور پر جمع کرائے۔

کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایلون مسک اور ٹوئٹر نے ترکیہ کے مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹوئٹر اور ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی فروخت کے حوالے سے مسابقتی کمیشن سے اجازت طلب نہیں کی گئی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر اجازت طلب کی جاتی تو کوئی اعتراض نہیں کیا جاتا۔

بیان کے مطابق ٹوئٹر کے پاس اس فیصلے کے خلاف عدالت میں جانے کا حق موجود ہے اور اس مقصد کے لیے کمپنی کو 60 دن کی مہلت دی گئی ہے۔

اس حوالے سے فی الحال ٹوئٹر یا ایلون مسک کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ 

خیال رہے کہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدا تھا۔