LIVE

قبض سے نجات کے لیے بہترین پھل

ویب ڈیسک
March 09, 2023
 

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

قبض ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا لگ بھگ ہر فرد کو ہی ہوتا ہے۔

بزرگوں میں یہ زیادہ عام ہوتا ہے مگر ہر عمر کے افراد اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

ہر فرد میں اس کی شدت یا علامات مختلف ہوسکتی ہیں اور وجوہات بھی مختلف ہوسکتی ہیں۔

جیسے جسم میں پانی کی کمی، ناقص غذا، مخصوص ادویات، کوئی بیماری، اعصابی نظام کو متاثر کرنے والے امراض یا ذہنی بیماریوں کے نتیجے میں قبض کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ ہر موسم میں ہر جگہ آسانی سے ملنے والا ایک پھل اس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل فوڈ اینڈ فنکشن میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خشک آلو بخارے کھانے سے معدے میں موجود بیکٹریا اور ورم کا باعث بننے والے عناصر پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس پھل میں فائبر بھی موجود ہوتا ہے جس سے بھی قبض سے بچنے یا اس سے نجات میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق میں 55 سے 75 سال کی عمر کی 183 خواتین کو شامل کیا گیا تھا جن کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو روزانہ 50 گرام خشک آلو بخارے کھانے کے لیے دیے گئے، دوسرے گروپ کو اس پھل کی 100 گرام مقدار کا استعمال کرایا گیا جبکہ تیسرے کو خشک آلو بخاروں سے دور کھا گیا۔

12 ماہ تک ان خواتین کا جائزہ لیا گیا اور مختلف نمونوں سے معدے کی صحت کی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلو بخارے کھانے والی خواتین کے معدے میں بیکٹریا کی ایسی قسم کی تعداد بڑھ گئی جو معدے کی صحت کے لیے اہم ہوتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے معدے میں ورم کم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ معدے کی صحت بہتر ہونے سے قبض کا خطرہ خودکار طور پر کم ہو جاتا ہے کیونکہ عام طور پر یہ مسئلہ معدے کی خراب صحت کا نتیجہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پھل میں فائبر کی مقدار بھی مناسب ہوتی ہے اور غذائی فائبر آنتوں کے افعال کے لیے اہم ترین جز ہے جس سے قبض کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

خیال رہے کہ خشک آلو بخارے روزانہ کھانے سے ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں۔

2022 کی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔

یہ پھل اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھی بھرپور ہوتا ہے جس سے بلڈ گلوکوز اور کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے جبکہ امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

مگر یہ خیال رہے کہ زیادہ مقدار میں خشک آلو بخارے کھانے سے ہیضے یا نظام ہاضمہ کے دیگر مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔