LIVE

انوپم کھیر دیرینہ دوست ستیش کوشک کی میت کو ایمبولینس میں لے جاتے ہوئے آنسو نہ روک پائے

ویب ڈیسک
March 10, 2023
 

فوٹو: اسکرین گریب

جمعرات کی صبح بالی وڈ کے سینیئر اداکار اور ہدایتکار ستیش کوشک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ستیش کوشک کو نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کی عمر 66 برس تھی۔

ستیش کوشک کی موت کی خبر سب سے پہلے بالی وڈ اداکار اور ستیش کے قریبی دوست انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے دی۔

انوپم کھیر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ'میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے، لیکن میں نے خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہ بات کسی دن اپنے بہترین دوست کے بارے میں لکھوں گا، 45 سال کی دوستی پر ایسا اچانک فل اسٹاپ لگ گیا، آپ کے بغیر زندگی کبھی ایک جیسی نہیں رہے گی ستیش!'۔

45 سال پرانے دوست کے اس دنیا سے رخصت ہونے پر انوپم کھیر درینہ دوست ستیش کوشک کی میت کو ایمبولینس میں لے جاتے ہوئے آنسو نہ روک پائے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ جمعرات کو ممبئی میں آخری رسومات ادا کرنے کے لیے ستیش کوشک کی میت کو  ایمبولینس میں لے جایا گیا۔

اس موقع پر انوپم کھیر بھی اپنےد وست ستیش کوشک کی میت کے ہمراہ ایمبولینس میں بیٹھے رہے،اس دوران وہ جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں سے مسلسل آنسو ٹپکٹے رہے۔

ستیش کوشک کے انتقال پر پوری بھارتی فلم انڈسٹری کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا، کئی بالی وڈ شخصیات نے اداکار کی آخری رسومات میں بھی شرکت کی۔ 

واضح رہے کہ ستیش کوشک بھارتی اداکار، کامیڈین، اسکرین رائٹر، ہدایتکار اور پروڈیوسر تھے۔ وہ 13 اپریل 1956 کو ہریانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے سے قبل تھیٹرز میں کام کیا۔

ستیش کوشک کو 1987 کی سپر ہٹ فلم مسٹر انڈیا میں کیلنڈر کے کردار سے کافی پذیرائی ملی تھی۔ اس کےعلاوہ انہوں نے1990 میں انیل کپور کی فلم رام لکھن اور 1997 میں ساجن چلے سسرال کے لیے فلم فیئر کا بہترین کامیڈین کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

ہدایتکاری کی بات کریں تو ستیش کوشک نے روپ کی رانی چوروں کا راجا، پریم، ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں اور سلمان کی مشہور فلم تیرے نام ڈائریکٹ کی۔