LIVE

افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز کس پاکستانی کھلاڑی سے مشورے لیتے ہیں؟

فیضان لاکھانی
March 11, 2023
 

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کے افغان کرکٹر رحمان اللہ گرباز کا کہنا ہے کہ مجھ سے توقعات تھی اس پر مکمل طور پر پورا نہیں اترا اس لیے اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان اللہ گرباز کا کہنا تھا ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا ہوا تھا مگر بعد میں اچھا نہ کھیل سکا، باقی میچز میں ٹیم کے لیے اچھا اسکور کرنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا اگلے میچز کے لیے بھرپور پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، اعظم خان کی بیٹنگ کو ہر کوئی انجوائے کرتا ہے کیونکہ وہ بڑے بڑے چھکے مارتا ہے، شرارتیں میں بھی کرتا ہوں مگر حسن علی کی طرح کا شرارتی نہیں ہوں، حسن علی بہت شرارتی لڑکا ہے، فضل حق فاروقی بھی شرارتی ہے۔

روٹی گینگ سے متعلق سوال پر افغان بیٹر کا کہنا تھا روٹی گینگ میں مجھے بھی شامل کیا جاتا کیونکہ میں افغانستان سے ڈرائی فروٹ لاتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا اسلام آباد یونائیٹڈ میں سب ایک فیملی کی طرح ہیں، لیگ میں صرف کرکٹ کھیلنا مقصد نہیں بلکہ اچھی یادیں بنانا بھی اہم ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو موقع نہیں ملتا کہ ایک دوسرے کو جانیں لیکن فرنچائز لیگ میں دوسرے کھلاڑیوں کو سمجھنے کا اچھا موقع ملتا ہے۔

رحمان اللہ گرباز کا کہنا تھا کرکٹ کی بنیاد ایک ہی ہے، لیجنڈز کے مشورے مختلف نہیں ہوتے، یہاں بیٹنگ کے لیے ایک کھلاڑی سے مشورہ کرتا ہوں اور وہ ہیں بابر اعظم، بابر اور میرا بیٹنگ اسٹائل مختلف ہے لیکن کارکردگی میں تسلسل کا مائنڈ سیٹ ان سے پوچھتا ہوں، جو بابر نے مجھے سمجھایا وہ ان کی ٹیم کے خلاف اپلائے کیا اور اس کا فائدہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے سیریز سے قبل افغان پلیئرز کا یہاں ہونا ہمارے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی مفید ہے، اگر ہمیں پاکستانی پلیئرز کا اندازہ ہوگا تو انہیں بھی ہمارا اندازہ ہو رہا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا اس وقت میرا فوکس فرنچائز کرکٹ پر ہے، پی ایس ایل مکمل ہو جائے گا پھر پاکستان افغانستان سیریز پر فوکس ہو گا، اب افغان کرکٹ ٹیم پہلے جیسی نہیں رہی، فرنچائز کرکٹ کا بہت فائدہ ہوا ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ہماری ٹیم کافی اچھی ہو چکی ہے۔