LIVE

ستیش کوشک کے قتل کا الزام، بھارتی بزنس مین کا مؤقف سامنے آگیا

ویب ڈیسک
March 13, 2023
 

بھارتی بزنس مین پر ان کی اہلیہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں شک ہے کہ ان کے شوہر نے ستیش کوشک کو قتل کیا ہے— فوٹو: فائل

بھارتی اداکار ستیش کوشک کے قتل کے الزام پر بھارتی بزنس مین کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔

کُبیر گروپ کی ڈائریکٹر وکاس مالو نے اپنی اہلیہ سانوی مالو کی جانب سے لگائے گئے اداکار ستیش کوشک کے مبینہ قتل کے الزام کی تردید کردی۔

وکاس مالو کا کہنا تھا کہ اہلیہ سانوی نے مجھ پر بے بنیاد الزام لگایا ہے میں ستیش کوشک کے ساتھ کسی کاروبار میں شریک نہیں تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی اداکار ستیش کوشک کی موت کے بعد بزنس مین وکاس مالو کی دوسری بیوی سانوی مالو نے دلی کے پولیس کمشنرکو خط ارسال کیا تھا جس میں انہوں نے اپنے ہی شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام عائد کیا تھا۔

اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کیلئے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔

سانوی نے لکھا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے اُنہیں شک ہے کہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر اُنہیں قتل کر دیا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہولی کھیلنے کے بعد دہلی کے علاقے بجواسن کے جس فارم ہاؤس پر ستیش کوشک نے دیگر اداکاروں کے ہمراہ پارٹی کی تھی، وہاں کے کمرے سے کچھ مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ ادویات کو ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا ہے البتہ ستیش کوشک کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ آیا ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔