LIVE

راکھی رمضان میں عمرہ ادائیگی کی خواہشمند، دستاویزات کی تیاری جاری

ویب ڈیسک
March 13, 2023
 

میں اب بھی 5 وقت کی نماز پڑھتی ہوں، مجھے ضرور رمضان میں عمرے کی سعادت حاصل ہوگی: راکھی کی میڈیا سے گفتگو— فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک میں روزے رکھوں گی اور عمرے کیلئے دستاویزات تیار کروا رہی ہوں تاکہ رمضان میں سعادت حاصل ہوسکے۔

گزشتہ دنوں راکھی ساونت نے اسلام قبول کیا تھا اور پھر اپنے دوست عادل درانی سے شادی کی تھی تاہم اب دونوں میں علیحدگی ہوگئی ہے۔

ممبئی میں میڈیا سے گفتگو میں راکھی ساونت کا کہنا تھاکہ میرے خالد ماموں ممبئی کی مقامی مسجد سے حلف نامہ تیار کروا رہے ہیں تاکہ میں عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جا سکوں۔

ان کا کہنا تھاکہ  اگر رمضان میں عمرہ ادائیگی کیلئے جاتی ہوں تو میرا نصیب کھل جائے گا۔

راکھی کا مزید کہنا تھاکہ میں نے اسلام قبول کیا ہے اور میں مسلمان ہوں، رمضان میں باقاعدگی سے روزے رکھنے اور نماز کی پابندی کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں اب بھی 5 وقت کی نماز پڑھتی ہوں، میرا اوپر والے سے کنکشن ہے اور مجھے ضرور رمضان میں عمرے کی سعادت حاصل ہوگی۔