LIVE

پشاور زلمی کے صدر انضمام پی ایس ایل میں چھوٹی باؤنڈریز سے ناخوش

سہیل عمران
March 15, 2023
 

پچز خواہ بیٹنگ ہی بنائیں لیکن باؤنڈریز بڑی ہونی چاہئیں، چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے بیرونی دوروں پر کھلاڑیوں کو مشکل ہوسکتی ہے— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے صدر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ایلیمنیٹر  میچ کیلئے تیاری اچھی ہے، اچھا مقابلہ ہوگا، پی ایس ایل میں پچز اچھی بنی ہیں بیٹنگ اچھی ہوئی ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ پچز خواہ بیٹنگ ہی بنائیں لیکن باؤنڈریز  بڑی ہونی چاہئیں، چھوٹی باؤنڈریز  کی وجہ سے بیرونی دوروں پر کھلاڑیوں کو مشکل ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کا وژن بہت اچھا ہے، نوجوان کرکٹر  باصلاحیت ہے، صائم ایوب کو موقع ملا تو افغانستان کے خلاف بھی رنز کرے گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ پشاور پلے آف مرحلے میں گرتے پڑتے نہیں پہنچا، آخری میچ سے پہلے پلے آف میں پہنچ چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ لیگ میں بولرز کیلئے مشکل پیش آرہی ہے، بولرز کے لیے بہتری کی ضرورت ہے، بیٹنگ پچز فینز کی دلچسپی کیلئے بنائی جاتی ہیں تاکہ انہیں تفریح ملے، باؤنڈریز بڑی کریں تاکہ بولرز کو مشکل نہ ہو اور بیٹرز کو باہر جا کر مشکل نہ ہو۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بینچ اسٹرینتھ کو دیکھ کر فیصلہ کرنا پڑتا ہے کہ کس کو آرام دینا ہے کس کو نہیں، افغانستان کو ہلکی ٹیم نہیں لینا ہو گا ان کے کھلاڑی ہر جگہ لیگز کھیلتے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل میں پہلا ایلیمنیٹر پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

ملتان ، لاہور قلندرز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔