LIVE

کے پی حکومت نے 5 ہزار انفلوئنسرز بھرتی کیے جنہیں ماہانہ 15 کروڑ مل رہے ہیں: نگران صوبائی وزیر

ابوبکرصدیق,ویب ڈیسک
March 18, 2023
 

خیبرپختونخوا کے نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروزجمال شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی جانب سے 5  ہزارسوشل میڈیا انفلوئنسرز بھرتی کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

جیونیوز سےگفتگو میں فیروز جمال شاہ کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی حکومت نے 5 ہزارسوشل میڈیا انفلوئنسرزبھرتی کیے جنہیں گھربیٹھے ماہانہ 25 سے 30 ہزار روپے تنخواہیں مل رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ایسا کوئی علاقہ نہیں جہاں یہ انفلوئنسرز نہ ہوں، پیسے کے پی حکومت دے رہی ہے اور ان کا ایجنڈا سب کے سامنے ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی بھرتی طریقہ کار کے مطابق نہیں ہوئی، نہ ہی کوئی اس حوالے سے اشتہار جاری کیا گیا، 15 سے 16 کروڑ روپے ان پر ماہانہ خرچ ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب نگران حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو 5 ہزار بھرتیوں کا معاملہ تحقیقات کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔