LIVE

پی ٹی آئی رہنما امجدنیازی سمیت دیگرکارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنےکا حکم

ارفع فیروز
March 19, 2023
 

فوٹو: فائل

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کی  جوڈیشل کمپلیکس پیشی پر ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار 59  پی ٹی آئی کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

 ضلع کچہری کی عدالت میں پیش ملزمان میں پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی بھی شامل ہیں، عدالت نے زخمی ملزمان کا طبی معائنہ کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔

دوران سماعت جج کا کہنا تھا کہ صرف اس لیےکیس سن رہاہوں کہ یہ گرفتار ہیں، پولیس 24 گھنٹے سے زیادہ انہیں اپنے پاس رکھ نہیں سکتی۔

عدالت میں زخمی ملزمان کی جانب سے زخم بھی دکھائےگئے، پی ٹی آئی وکلا کا کہنا تھا کہ ایسا رویہ کیسے چلےگا؟ بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ  میڈیا پر دو طرفہ صورتحال دیکھ رہے تھے، ایس ایچ او رمنا نے عدالت کو دکھایا وہ بھی زخمی ہوئے۔

پولیس کی درخواست پر عدالت  نے پی ٹی آئی رہنما امجد نیازی سمیت تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنےکا حکم دے دیا۔

عدالت نے پولیس کو شدید زخمی افراد کا پمز سے میڈیکل کروانےکا حکم بھی دیا۔