LIVE

مفت آٹے کی تقسیم میں بدنظمی، کے پی حکومت نے میگاڈسٹری بیوشن پوائنٹ ختم کردیے

ابوبکرصدیق
March 29, 2023
 

خیبرپختونخوا میں مفت آٹا پیکج کے تحت 12 لاکھ خاندانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا ہے/ فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے مفت آٹے کی تقسیم میں بدنظمی پر میگاڈسٹری بیوشن پوائنٹ ختم کردیے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں مفت آٹے کی تقسیم جاری ہے اور خیبرپختونخوا میں مفت آٹا پیکج کے تحت 12 لاکھ خاندانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر صوبے میں 57 لاکھ خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔

ایک ہفتہ گزر جانے کے باجود حکومت آٹے کی منظم طریقے سے تقسیم یقینی نہیں بنا سکی اور کئی مقامات پر آٹے کی تقسیم کے دوران بد نظمی دیکھنے کو ملی ۔

پشاور میں مستحقین میں اب تک 5 لاکھ سے زیادہ 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کیے گئے ہیں ۔

محکمہ خوراک کے مطابق بد نظمی اور دھکم پیل کے واقعات کے بعد میگا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس ختم کرکے ہر علاقے میں تین تین سیل پوائنٹس قائم کردیے گئے ہیں۔

نگران حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ مفت آٹے کے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر معذور افراد، خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے الگ کاؤنٹرز بنائے جائیں گے تاہم اب تک اس دعوے کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا ۔