LIVE

فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی راہ ہموار، آخری رکن نے بھی توثیق کر دی

ویب ڈیسک
March 31, 2023
 

ترکیہ کی جانب سے توثیق ہونے کے بعد نیٹو کے سیکریٹری جنرل اب فن لینڈ کواتحاد میں شمولیت کیلئے باضابطہ دعوت دیں گے— فوٹو: فائل

فن لینڈ کی مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں شامل ہونے کی تمام رکاوٹیں دور ہوگئیں، ترک پارلیمنٹ نے فن لینڈ کی شمولیت سے متعلق بل کی منظوری دے دی۔

نیٹو سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ نیٹو کے تمام 30 اتحادیوں نے فن لینڈ کی رکنیت کی توثیق کردی ہے، جس کے بعد فن لینڈ آنے والے دنوں میں باضابطہ طور پر نیٹو میں شامل ہوجائے گا۔

فن لینڈ کی رکنیت کی توثیق کرنے والے نیٹو اتحاد کے 30 ارکان میں ترکیہ سب سے آخری ملک ہے۔

فن لینڈ اور سویڈن نے گزشتہ سال یوکرین پر روس کے حملے کے بعد نیٹو میں شامل ہونے کی درخواست کی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ترکیہ کے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ترکیہ کی جانب سے توثیق ہونے کے بعد نیٹو کے سیکرٹری جنرل اب فن لینڈ کواتحاد میں شمولیت کیلئے باضابطہ دعوت دیں گے۔