LIVE

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی پلیئرز دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں: شاہ رخ خان

ویب ڈیسک
April 02, 2023
 

پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ اور  ایشیا کپ کے وینیو کے تنازع کے دوران بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں وہ پاکستانی کرکٹرز کی تعریف کررہے ہیں۔

یہ ویڈیو 2010 یعنی 13 سال پرانی ہے، اس انٹرویو کے وقت شاہ رخ خان کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک تھے جو کہ ٹیم کو منتخب کیے جانے سے متعلق دباؤ کا تذکرہ کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں کنگ خان پاکستانی کرکٹرز کے آئی پی ایل میں کھیلنے کے حوالے سے بات کررہے ہیں، اداکار ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ   پاکستانی کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میں آل راؤنڈر عبدالرزاق کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتا تھا لیکن نیلامی سے قبل ہی اس کا تذکرہ اخبارات میں ہونے لگا تھا، آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں میری ٹیم میں وسیم اکرم سمیت 5 کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے مجھ پر تنقید کی گئی کہ اس ٹیم میں بہت سے کھلاڑی پاکستانی ہیں۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ پاکستان کے 11 کرکٹرز آئی پی ایل کی نیلامی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تھے لیکن آخر میں ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں لیا گیا۔

انہوں نے اس کو شرمندگی کا سبب قرار دیتے ہوئےکہا کہ بحیثیت ’کے کے آر‘ ٹیم کے مالک یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہے کہ ہم سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کسی ایک ملک کی ٹیم کے کھلاڑیوں،' جو سب سے بہترین ہیں' کو ٹیم میں شامل ہی نہ کریں۔

انہوں نے اس وائرل ویڈیو کے اختتام میں نوجوان مداحوں سے کہا کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھیں، ان نفرتوں کو ختم کریں اور  مزید نہ بڑھائیں، ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے ہمسائیوں کی طرح رہیں۔