LIVE

پاکستان کا بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس پر سخت ناراضی کا اظہار

اعزاز سید
April 11, 2023
 

 بھارت نے 22 تا24 مئی سیاحتی ورکنگ گروپ کا سری نگر میں اجلاس شیڈول کیا، سری نگراورلہہ میں امور نوجوانان پر دیگر 2 شیڈول اجلاس بھی پریشان کن ہیں: دفتر خارجہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں جی 20 اجلاس پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بھارت کا غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں جی20 اجلاس کرنےکا منصوبہ ہے اور بھارت نے 22 تا24 مئی سیاحتی ورکنگ گروپ کا سری نگر میں اجلاس شیڈول کیا، سری نگر اورلہہ میں امور نوجوانان پر دیگر 2  شیڈول اجلاس بھی پریشان کن ہیں، بھارت کی غیرذمہ دارانہ حرکت مقبوضہ کشمیرکے غیرقانونی قبضے کو دوام دینےکا اقدام ہے اور یہ اقدام کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کوبھی مدنظرنہیں رکھاگیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کاغیر ذمہ دارانہ اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چارٹرکی خلاف ورزی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنےکی کوشش کررہا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات جموں وکشمیرکی حقیقت چھپا نہیں سکتے، مقبوضہ کشمیربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور مقبوضہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈےپر7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔