LIVE

'عماد کو اوور دو'، قذافی اسٹیڈیم میں نعرے لگ گئے، آل راؤنڈر نے کیا ردعمل دیا؟

ویب ڈیسک
April 15, 2023
 

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آل راؤنڈر عماد وسیم کے لیے نعرے لگ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 88 رنز سے شکست دی، پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تاہم پاکستان کی بولنگ کے وقت جس وقت عماد وسیم باؤنڈری لائن کے پاس کھڑے فیلڈنگ کررہے تھے ، اس وقت تماشائیوں نے نعرے لگانا شروع کردیے کہ 'عماد کو اوور دو'۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مداحوں کی جانب سے نعرے بازی کرنے پر عماد ان کی جانب پلٹے اور شکریہ ادا کرنے کے انداز میں ہاتھ اٹھایا۔

مسلسل نعرے لگانے پر عماد ایک بار پھر شائقین کی جانب پلٹے اور ہاتھ جوڑے۔

واضح رہے کہ کئی عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے عماد وسیم نے گزشتہ روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، ان سے محض ایک ہی اوور کروایا گیا جس میں انہوں نے 2 رنز دے کر 2 پے در پے وکٹس حاصل کیں۔