LIVE

وزیر آباد کے بعد مجھے 18 مارچ کو دوسری بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی: عمران خان

ویب ڈیسک
May 04, 2023
 

اس وقت مافیا چیف جسٹس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے اور مافیا نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے: چیئرمین پی ٹی آئی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہےکہ انہیں ایک بار وزیرآباد میں اور دوسری بار 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے لیے روانگی سے قبل عمران خان نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، پاؤں میں سوجن کے باوجود پیش ہوں گا، ان کی طرح نہیں جن کی مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو ججز کیخلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین روز پہلے لاہورہائیکورٹ میں کہا ہےکہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ایک بار وزیرآباد میں اور دوسری بار 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی ہفتے کو چیف جسٹس سے اظہاریکجہتی کےلیے ایک گھنٹے کے لیے باہرنکلیں، اس وقت مافیا چیف جسٹس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے اور مافیا نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، 90 روز کے اندر الیکشن ہونے تھے لیکن یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔