LIVE

اورنگی ٹاؤن میں پولیس اور رینجرز کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم کی 40 وارداتوں کا ملزم گرفتار

افضل ندیم ڈوگر
May 07, 2023
 

پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث ملزم  کو گرفتار کرلیا۔

 ترجمان کے مطابق مارچ 2023 کو ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ ایم پی آر روڈ پر ڈکیتی کے دوران ایک موبائل فون اور نقد رقم لوٹ لی تھی۔ 

ترجمان کے مطابق جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزم کو واردات کرتے شناخت کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملز م نے اورنگی ٹاؤن، سائٹ اور گردونواح میں ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کی 40 سے زائد وارداتوں میں 60 موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹنےکا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔