LIVE

بھارت کیلئے بلاول سے منسوب دھمکی آمیز بیان جھوٹ ہے: ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک
May 07, 2023
 

جھوٹا بیان مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بیانیے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے : ترجمان دفتر خارجہ کی جناب سے جاری بیان/فوٹوفائل

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے لیے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری  سے منسوب دھمکی آمیز بیان جھوٹ ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  کے  بھارتی زیر تسلط کشمیر میں جی 20 اجلاس پر دیے گئے  بیان پر دفتر خارجہ نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

 ترجمان دفترخارجہ  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جھوٹا بیان مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بیانیے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، وزیرخارجہ نے مسئلہ کشمیرکا حل بین الاقوامی قوانین کے تحت کرنے پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے منسوب جی 20 اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کرانے پر بھارت کے لیے دھمکی آمیز بیان جھوٹ ہے، ریاست کے اندرونی معاملات کو رپورٹ کرتے وقت صحافتی اصولوں کی پاسداری کی جانی چاہیے۔

جاری بیان میں مزید  کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ متعدد مواقعوں پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دے چکے ہیں، وزارت خارجہ جی 20 اجلاس پر پہلے ہی اپنا مؤقف دے چکا ہے۔