LIVE

نویں جائزے کی کامیابی کیلئے پاکستان کو اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے: آئی ایم ایف

ویب ڈیسک
May 12, 2023
 

اسٹاف لیول معاہدے سے قبل پاکستان کو دوست ممالک سے فنڈنگ کی یقین دہانی درکار ہے: ترجمان آئی ایم ایف کی بریفنگ/ فائل فوٹو

واشنگٹن: ترجمان آئی ایم ایف نے کہا ہےکہ 9 ویں جائزے کی کامیابی کے لیے پاکستان کو اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران آئی ایم ایف ترجمان نے کہا کہ اسٹاف لیول معاہدے سے قبل پاکستان کو دوست ممالک سے فنڈنگ کی یقین دہانی درکار ہے، پاکستان کے بیرونی شراکت داروں کی طرف سےطے شدہ فنانسنگ خوش آئند ہے اور  دوست ممالک سے پاکستان کی فنڈنگ کا خیر مقدم کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ 9 ویں جائزے کی کامیابی کے لیے پاکستان کو اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے، حکام 9 ویں جائزے کو مکمل کرنے کیلئے پروگرام کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستانی حکام کےساتھ قرض پروگرام کی بحالی کےلیےمسلسل کوششوں میں مصروف ہیں، پاکستان کو بیلنس آف پے منٹس کے لیے ادائیگیوں کی ضرورت ہے۔

ترجمان آئی ایم ایف کا کہنا تھاکہ پاکستانی معیشت جمود کا شکار ہے اور پاکستان کو بہت زیادہ مالی ضروریات درپیش ہیں، پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں میں سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کو سیلاب سے سنگین نقصان پہنچا ہے، پاکستان کی معیشت سبسڈیز اور ٹیکس کی مزید چھوٹ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔