LIVE

جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں یاسمین راشد 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل

ویب ڈیسک
May 25, 2023
 

یاسمین راشد نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گی اور پارٹی نہیں چھوڑوں گی— فوٹو: اسکرین گریب

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹریاسمین راشد کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

ڈاکٹر یاسمین کو آج تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گی اور پارٹی نہیں چھوڑوں گی۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور فیاض الحسن چوہان نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا جب کہ عامر کیانی بھی پارٹی کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔