LIVE

انتخابات پرانی مردم شماری پرکرانےکا فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعظم کی ایم کیو ایم کو یقین دہانی

ویب ڈیسک
July 19, 2023
 

نگران حکومت سمیت تمام معاملات پر ایم کیو ایم پاکستان سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا، شہباز شریف۔ فوٹو حکومت پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کو  یقین دہانی کروائی ہے کہ انتخابات پرانی مردم شماری پر کروانےکا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں مردم شماری کے حوالے سے تحفظات سمیت ملکی سیاسی صورت حال اور آئندہ الیکشن کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ نگران حکومت سمیت تمام اہم معاملات پر ایم کیوایم سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا، آئندہ انتخابات پرانی مردم شماری پر کروانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ووٹر لسٹوں میں بےضابطگیوں کو درست کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے نگران حکومت اور عام انتخابات سے متعلق مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی نگران حکومت سمیت تمام معاملات پر ایم کیو ایم سے مشاورت کو یقینی بنائے گی، کمیٹی میں ن لیگ سے ایاز صادق، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم سے کمیٹی کے لیے نام طلب کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ الیکشن پرانی مردم شماری پر ہی ہوں گے۔