LIVE

ویڈیو: جنوبی افریقا میں سڑک دھماکے سے پھٹ گئی، حکام تشویش میں مبتلا

ویب ڈیسک
July 21, 2023
 

جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں سڑک دھماکے سے پھٹ گئی جس کے باعث سڑک پر کھڑی ہوئی سینکڑوں گاڑیاں اور بسیں اچھل کر فٹ پاتھ پر جاگریں، واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے مصروف ترین علاقے میں سڑک کے دھماکے سے پھٹنے کے بعد اپنی نوعیت کے دوسرے واقعے نے حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جوہانسبرگ کے بِری اسٹریٹ اچانک دھماکے سے پھٹ جاتی ہے جبکہ سڑک کے کنارے کھڑی سینکڑوں گاڑیاں ہوا میں اچھلنے کے بعد دور فٹ پاتھ پر جاکر گرتی ہیں۔

ویڈیوز میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد طویل فاصلے تک سڑک دو حصوں میں تقسیم ہو جاتی ہے جبکہ درمیان میں خندق نما گڑھا بن جاتا ہے۔

حکام کے مطابق تاحال دھماکے کے اسباب  معلوم نہیں تاہم خدشہ ہے کہ زیر زمین گیس پائپ لائن لیکج کی وجہ سے واقعہ پیش آیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو جائے واقعہ سے دور رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بری اسٹریٹ پر دوبارہ اسی نوعیت کا دھماکا ہو سکتا ہے اس لیے شہری اس جگہ سے دور رہیں۔