LIVE

پاکستان نرسنگ کونسل نے نرسوں کو ڈاکٹر کا درجہ دینے کی تجویز دے دی

خاور خان
July 31, 2023
 

پاکستان نرسنگ کونسل کی تجویزپر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا— فوٹو:فائل

پاکستان نرسنگ کونسل کی جانب سے نرسوں کو ڈاکٹر کا درجہ دینے کی تجویز دے دی۔

ممبر نرسنگ کونسل کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

اس تجویز پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ایکٹنگ رجسٹرار پی ایم ڈی سی ڈاکٹر سید اظہر علی نے وفاقی سیکرٹری صحت کو خط لکھ دیا۔

خط کے متن کے مطابق پاکستان نرسنگ کونسل نے نرسوں کو ڈاکٹر کا درجہ دینے کی قرار داد منظور کرلی ہے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نرسز کی شدید کمی ہے، ملک نرسنگ کونسل کے اس فیصلے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی این سی کے قانون کے تحت نرسنگ میں ماسٹر کرنے والا فرد اپنے محدود قانون کے تحت کام کرنے کا مجاز ہے، نرسنگ پریکٹشنر ہنگامی حالت میں ادویات تجویز کرنے کا قانونی حق رکھتا ہے۔