LIVE

شکار پور: کچے کے علاقے میں 2 قبائل میں تصادم، فائرنگ سے 7 افراد ہلاک

مکیش روپیتا
August 09, 2023
 

 فائرنگ کے نتیجے میں دونوں قبائل میں کشیدگی بڑھنے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے: پولیس۔ اسکرین گریب

شکارپور میں کچے کے علاقے میں دو قبائل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق شکارپور میں کچے کے علاقے مرزا پور میں جونیجو اور کلھوڑو قبائل کے درمیان تصادم ہوا، فائرنگ سے دونوں قبائل کے 7 افراد ہلاک 3 زخمی ہوئے، دونوں گروپوں میں فائرنگ کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں رمضان کلھوڑو، برکت کلھوڑو، جان محمد کلھوڑو، وحید کلھوڑو، نظیر کلھوڑو اور مجید جونیجو شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ڈاڈا جونیجو، وحید جونیجو اور حسین بخش جونیجو شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں قبائل میں کشیدگی بڑھنے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔