LIVE

وہ لفظ جسے پڑھ کر ہی 55 فیصد فرد جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں

ویب ڈیسک
September 06, 2023
 

ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا / فائل فوٹو

جماہی کا بظاہر کوئی مقصد نظر نہیں آتا، تھکاوٹ، بیزار ہونے یا کسی کو ایسا کرتے دیکھ کر ہم بھی منہ پھاڑ کر ہوا کو اندر کھینچتے ہیں۔

مگر سوال یہ ہے کہ آخر ہم جماہی لیتے کیوں ہیں؟

اس کا مختصر جواب تو یہ ہے کہ کوئی بھی اس کی وجہ نہیں جانتا مگر یہ ضرور معلوم ہے کہ جب ہم دیگر افراد کو ایسا کرتے دیکھتے ہیں خود بھی جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

مگر اس سے بھی زیادہ حیران کن بات ہے کہ 55 فیصد افراد تو محض جماہی لفظ کو پڑھ کر ہی جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

جی ہاں واقعی یہ دعویٰ کچھ عرصے پہلے ایک تحقیق میں سامنے آیا تھا۔

ٹیمپل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب لوگوں کو جماہی (انگلش میں Yawning) بولنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو وہ جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ کسی کو معلوم نہیں کہ ہم جماہی کیوں لیتے ہیں یا اس سے کیا فائدہ ہوتا ہے، شاید اس سے ہمیں پرسکون ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقصد جو بھی ہو مگر جماہی چھوت کی طرح پھیلتی ہے بلکہ اس کے بارے میں سوچنے یا اس کے لفظ کو بولنا بھی آپ کو جماہی لینے پر مجبور کر دیتا ہے، کم از کم 55 فیصد افراد تو ضرور جماہی لیتے ہیں۔