LIVE

گوگل کینسر کی تشخیص کرنے والی اے آئی مائیکرو اسکوپ تیار کرنے میں مصروف

ویب ڈیسک
September 20, 2023
 

ابھی اس کا پروٹوٹائپ ماڈل تیار کیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس

گوگل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس ایسی مائیکرو اسکوپ تیار کی گئی ہے جو کینسر کی تشخیص میں مدد فراہم کرسکے گی۔

اگیومینٹڈ رئیلٹی مائیکرو اسکوپ (اے آر ایم) کے پروٹوٹائپ ماڈل کو گوگل نے امریکی محکمہ دفاع کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے۔

یہ مائیکرو اسکوپ مشین لرننگ اور اگیومینڈ رئیلٹی ٹیکنالوجیز کے امتزاج کو استعمال کرکے رئیل ٹائم میں کینسر کی تشخیص میں مدد فراہم کرے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ مائیکرو اسکوپ رئیل ٹائم میں تجزیہ اور نتائج فراہم کرتی ہے جس سے ڈاکٹروں کے لیے کینسر کے بارے میں جاننا آسان ہو جائے گا۔

اب تک اس ٹیلی اسکوپ کی انسانوں پر آزمائش نہیں کی گئی اور طبی مراکز کے لیے اسے متعارف کرانے سے قبل اس کی جانچ پڑتال کرنا ہوگی۔

مائیکرو اسکوپ کا پروٹوٹائپ ماڈل / فوٹو بشکریہ سی این بی سی

گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ہم ایک ایسا سسٹم تیار کرنا چاہتے ہیں جس کو استعمال کرکے اسپتالوں میں لائٹ مائیکرو اسکوپس کو ہی کینسر کی تشخیص کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

اس مائیکرو اسکوپ کی قیمت ابتدا میں 90 ہزار سے ایک لاکھ ڈالرز کے قریب ہونے کی توقع ہے اور آغاز میں امریکی فوج کے لیے اسے تیار کیا جائے گا۔

یہ پہلی بار نہیں جب گوگل کی جانب سے ایسے اے آئی ٹولز پر کام کیا جا رہا ہے جو امراض کی تشخیص میں مدد فراہم کرتے ہیں۔