LIVE

ایس پی سے بدتمیزی کا الزام، سیکرٹری لاہور بار کیخلاف مقدمہ درج

میاں عابد
October 04, 2023
 

عمر وقاص کی سیشن کورٹ میں ایس پی انویسٹی گیشن سٹی ڈاکٹر رضا تنویر سے بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی

لاہور پولیس نے سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سے بدتمیزی، سرکاری رائفل چھیننے اور یونیفارم پھاڑنے پر سیکرٹری لاہور بار ایسوسی ایشن عمر وقاص وڑائچ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں انسپکٹر اسد محمود قریشی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں عمر وقاص ورائچ کے 15سے20 نامعلوم وکلا ساتھی بھی نامزد کیے گئے ہیں، مقدمے میں کارِ سرکار میں مداخلت، یونیفارم پھاڑنے اور سرکاری رائفل چھیننے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

سیکرٹری لاہور بار عمر وقاص نے گزشتہ روز ایس پی انویسٹی گیشن سٹی ڈاکٹر رضا تنویر کے ساتھ سیشن عدالت میں بدتمیزی کی تھی، اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔