LIVE

سردیوں میں جلد کو خشک ہونے سے بچانے کیلئے کون سی غذائیں کھانی چاہئیں؟

ویب ڈیسک
November 22, 2023
 

خشک میوہ جات کو سردیوں کی سوغات کہا جاتا ہے جو آپ کے جسم کو گرمائش پہنچانے کے ساتھ ساتھ جلد کی خشکی کو بھی دور کرتے ہیں/ فائل فوٹو

سردیوں میں جلد کی خشکی کو دور کرنے کے لیے مہنگے پروڈکٹس سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو آج آپ کو ایسی غذائیں بتائی جائیں گی جو آپ کے ہزاروں روپے بچاسکتی ہیں۔

سردی شروع ہوتے ہی خشک جلد کا مسئلہ سر اٹھا لیتا ہے، کافی مہنگی  کریمیں اور لوشن کا استعمال بھی کوئی خاص فائدہ نہیں دیتا اور جیب پر بھی بھاری پڑ جاتا ہے لیکن اب پریشانی کی ضرورت نہیں، آج ہم آپ کو چند ایسی غذائیں بتاتے ہیں جس کے استعمال سے آپ کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا اور پروٹین اور وٹامنز کے خزانے سے آپ کے جسم کو دیگر فوائد بھی حاصل ہوں گے۔

خشک میوہ جات:

خشک میوہ جات کو سردیوں کی سوغات کہا جاتا ہے جو آپ کے جسم کو گرمائش پہنچانے کے ساتھ ساتھ جلد کی خشکی کو بھی دور کرتے ہیں۔

خشک میوہ جات میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو جلد کی بہترین خوراک ہے جب کہ ان میں اینٹی آکسیڈنٹ بھی پائے جاتے ہیں۔

ترش پھل: 

جیسے گرمیوں کا بادشاہ آم ہے ویسے ہی سردیوں میں کینو، مالٹے، مسمیوں سمیت چکوترا اور دیگر کھٹاس والے پھل آتے ہیں جو نا صرف ذائقے میں مزیدار ہوتے ہیں بلکہ ان میں موجود وٹامن سی جلد کی نشونما میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

مچھلی: 

مچھلی کا استعمال پورے سال ہی کرنا چاہیے لیکن سردی آتے ہی اس کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ مچھلی کا گوشت سردیوں کی تمام تر بیماریوں سے لڑنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

مچھلی صرف جلد ہی نہیں بلکہ بالوں کی خوبصورتی بڑھاتی ہے اور مسائل سے بچاتی ہے۔

پالک: 

پالک ایک پتوں والی ہری سبزی ہے جسے مختلف طریقوں سے پکایا جاتا ہے، پالک میں قدرت نے وٹامن ای کے ساتھ ساتھ آئرن کی خصوصیات بھی چھپا کر رکھی ہے۔

وٹامن ای جلد کی خشکی کو دور کرتا ہے جب کہ آئرن آپ کے جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے کا قدرتی اور آسان طریقہ ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔