LIVE

سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

ویب ڈیسک
November 27, 2023
 

سندھ کے 30 اضلاع میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے: ترجمان محکمہ صحت— فوٹو: فائل

سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، مہم کے دوران سندھ میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ 27 نومبر سے سندھ کے 30 اضلاع میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے جبکہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کیلئے 5 ہزار 300 سے زائد پولیس اہلکار فیلڈ میں تعینات کیے جائیں گے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق اس سال پاکستان میں مجموعی طور پر پولیو کے 5 کیس رپورٹ ہوئے جن میں تین کیس خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں جبکہ دو کیس سندھ کے ضلع کراچی شرقی سے رپورٹ ہوئے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ دو مہینوں میں کراچی میں پولیو وائرس کے متعدد مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے، مثبت ماحولیاتی نمونوں کا بار بار ظاہر ہونا تشویش ناک بات ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے ہدایت جاری کی کہ والدین پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے اپنے بچوں کو پولیو کی ویکسینیشن لازمی کروائیں، ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو مہلک اور معذوری کے پولیو وائرس سے بچایا جا سکتا ہے۔